اوپری (آسیبی) اثرات سے نجات بعض مرتبہ آسیبی اثرات کے سبب کچھ نہ کچھ پریشانیاں بیماریاں اور وہمی خیالات پیدا ہوتے رہتے ہیں۔ آدمی کو ایک پریشانی سے نجات نہیں ملتی کہ مزید دو پریشانیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔ اس عمل کی برکت سے انشاء اللہ تعالیٰ آسیبی اثرات ختم ہوجائیں گے اور طرح طرح کے وہم اور قسم قسم کی بیماریوں سے نجات حاصل ہوگی۔ باوضو اول گیارہ بار درودشریف پڑھیں‘ پھر گیارہ بار سورۂ مزمل پڑھیں پھر گیارہ بار درود شریف پڑھیں اور ایک بوتل پانی پر دم کرلیں پھر اس پانی کو چار وقت پی لیں:۔ صبح کے ناشتہ سے قبل‘ گیارہ بجے دن‘ بعد نماز عصر‘ بعد نماز عشاء۔ یہ عمل اکتالیس دن کریں۔ نماز کی پابندی کریں اور روزانہ ایک بار سورۂ یٰسین شریف کی تلاوت کرلیاکریں۔ اگر خود پڑھنا نہ جانتا ہو تو کسی دوسرے سے پڑھوا لے اور پانی پر دم کرالے اسی طرح سورۂ یٰسین شریف کی تلاوت بھی کسی سے کرالے۔(کوشش کرے کہ خود پڑھے) رات کی ناپاکی کا مؤثر علاج چڑھتی عمر میں اکثر نوجوانوں کو احتلام کا مرض ہوجاتا ہے اس کا آسان علاج یہ ہے کہ رات کو سوتے وقت دائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی (انگوٹھے کے برابر والی انگلی) سے اپنے پیٹ پر عمر فاروق اعظم ؓ لکھ لیا کریں۔ بغیر روشنائی کے صرف انگلی سے لکھیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ چالیس دن یہ عمل کرنے سے اس بیماری سے نجات مل جائے گی۔ یہ عمل مجرب اور آزمودہ ہے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے شیطان بہت ڈرتا تھا اسی طرح ان کے نام سے بھی بہت ڈرتا ہے اس نام کی برکت سے وہ انسان سے دور رہے گا۔ خونی بواسیر سے نجات خونی بواسیر کا مرض بہت خطرناک ہے اس سے انسان کا خون بہہ جاتا ہے اور کمزوری بہت محسوس ہوتی ہے اس کا فوری علاج کرانا ضروری ہوتا ہے۔ یہ روحانی عمل بہت آسان اور قابل عمل ہے۔ اس عمل کو اکتالیس دن کرنے سے انشاء اللہ خونی بواسیر سے نجات حاصل ہوگی۔ عمل یہ ہے:۔ ہر فرض نماز کے بعد صرف ایک بار سورۂ اعلیٰ (پارہ 30) پڑھ لیا کرے۔ دکان کی ترقی ’بعض مرتبہ دکان اور کاروبار ایک دم سے ٹھپ ہوجاتا ہے اور سارا سارا دن بیٹھ کر دکاندار پریشان ہوجاتا ہو لیکن گاہک نہیں آتا۔ دکان کی آمدنی اتنی کم ہوجاتی ہے کہ دکان کا کرایہ اور گھر کا خرچہ نکالنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ایسی صورت میں یہ عمل بہت مجرب ہے۔ کسی نیک آدمی کے کُرتے کا ایک ٹکڑا اس سے مانگ لیں اس کو دھو کر سکھادیں۔ سوکھنے کے بعد اس کپڑے کے ٹکڑے پر یہ آیت باوضو لکھیں اور تعویذ کی شکل میں لپیٹ کر دکان میں لٹکادیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ دکان چل پڑے گی اور اس قدر خیروبرکت ہوگی کہ خوشحال ہوجائیں گے یہ عمل ہر کاروباری شخص کرسکتا ہے۔ وہ آیت یہ ہے:۔ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ۔وَ اَنَّ الْفَضْلَ بِیَدِ اللہِ یُؤْتِیْہِ مَنْ یَّشَآءُ وَ اللہُ ذُوالْفَضْلِ الْعَظِیْمِ ﴿الحدید۲۹﴾ قوت حافظہ کیلیے جس کا حافظہ کمزور ہو جو یاد کرتا ہو بھول جاتا ہو اس کے سبب پڑھائی کا بہت حرج ہوتا ہو تو اس کیلئے یہ عمل بہت کارآمد اور مفید ہے۔ اس عمل کی برکت سے انشاء اللہ تعالیٰ حافظہ تیز ہوگا بلکہ جو کچھ یاد کرے گا وہ یاد رہے گا۔ وہ عمل یہ ہے:۔ جس کا حافظہ کمزور ہو تو اس کو چاہیے کہ سات روز تک مندرجہ ذیل آیات کو روٹی کے ٹکڑے یا بسکٹ پر باوضو کالی روشنائی سے لکھے اور روزانہ ٹکڑا یا بسکٹ نہار منہ کھاتا رہے۔ انشاء اللہ قوت حافظہ انتہائی تیز ہوجائے گی۔ آیات لکھنے کی ترتیب یہ ہے:۔ ہفتہ کے دن:رَّبِّ زِدْنِی عِلْمًاo(طہ 113) اتوار کے دن: سَنُقْرِئُکَ فَلَا تَنْسٰی﴿الاعلی6﴾ منگل کے دن:اِنَّہٗ یَعْلَمُ الْجَہْرَ وَمَایَخْفٰی ﴿الاعلی7﴾ بدھ کے دن: لَا تُحَرِّکْ بِہٖ لِسَانَکَ لِتَعْجَلَ بِہٖ ﴿القیٰمۃ 16﴾ جمعرات کے دن: اِنَّ عَلَیْنَا جَمْعَہٗ وَ قُرْاٰنَہٗ ﴿القیٰمۃ 17﴾ جمعہ کے دن: فَاِذَا قَرَاْنٰہُ فَاتَّبِعْ قُرْاٰنَہٗ ﴿القیٰمۃ18﴾ لگاتار چار ہفتے تک یہ عمل کریں جس ترتیب سے لکھیں اسی ترتیب سے کھائیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ یہ عمل کرنے والا جو کچھ پڑھے گا نقش ہوجائے گا اور یاد رہے گا۔ دانت کے درد کا علاج دانت کے درد کی تکلیف کو دورکرنے کیلئے یہ عمل بہت مجرب ہے اس طرح کیلنے سے دانت کا درد کافور ہوجاتا ہے دانت کو کیلنے کی ترکیب یہ ہے:۔ پاک زمین پر کچھ ریت ڈال دیں اور شہادت کی انگلی (دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کے برابر والی انگلی) سے یا پاک لکڑی سے یہ حروف لکھیں: ا ب ج د ہ و ز ح ط ی اس کے بعد سب سے پہلے حرف پر لکڑی‘ کیل‘ چاقو یا چھڑی کی نوک رکھ کر اسے دبائیں اور سورۂ فاتحہ ایک بار پڑھیں پھر لکڑی یا کیل سے حرف پر زور دیں اور اس سے درد کی بابت دریافت کریں جس کے دانت میں یا ڈاڑھ میں درد ہورہا ہے مریض اپنی انگلیوں سے اس دانت یا ڈاڑھ کو پکڑلے جس کے دانت یا ڈاڑھ میں درد ہے اس سے دریافت کرے کہ درد میں اب کوئی کمی ہوئی یا نہیں اگر درد باقی ہے تو مریض اپنی ڈاڑھ کو جہاں درد ہے دو انگلیوں سے پکڑلے اور عامل دوسرے حرف پر لکڑی رکھے اور اسی طرح اس لکڑی سے حرف پر زور دے کر سورۂ فاتحہ دو مرتبہ پڑھے اور پھر مریض سے درد کی بابت دریافت کرے۔ مریض دانت سے انگلی ہٹا کر بتائے کہ اب درد ہے یا نہیں۔ اگر درد موقوف ہوگیا تو ٹھیک ہے ورنہ اسی طرح ہر اگلے حرف پر سورۂ فاتحہ ایک مرتبہ اور زیادہ پڑھ کر مریض سے دریافت کرے۔ اسی طرح عمل کرتا جائے انشاء اللہ تعالیٰ آخری حرف تک پہنچنے سے پہلے ہی درد ختم ہوجائے گا۔ یہ بارہا کا آزمودہ نسخہ ہے اور بہت ہی مجرب عمل ہے۔ |
0 comments:
Post a Comment